پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں میں کوئی فرق نہیں ، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں میں کوئی فرق نہیں ، یہ ایک ہی کھوٹے سکے کے دو رخ اور امریکی غلاموں کے کلب ہیں۔ امریکا اور آئی ایم ایف کے غلاموں کے ٹولے نے ملک پر ظالمانہ نظام مسلط کررکھاہے۔ بلوچستان کے عوام باربارآزمانے والوں پر بھروسہ کرکے نہ ختم ہونے والے دلدل میں پھنس گئے ہیں ۔عوام اے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سازشوں سے نکلنے کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دیں ۔

جاری بیا میں انھوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کا سود کی حرمت کے خلاف تاریخی فیصلہ دیا، مگر ہمارے حکمران سودی معیشت کے ذریعے مزید بیس سال اللہ ا ور اس کے رسولۖ سے جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ آج ملک میں ہر طرف مایوسی اورناامیدی کے اندھیرے ہیں۔ 22کروڑ عوام پریشان اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔لاکھوں ڈگری ہولڈرز نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں، والدین اپنے پڑھے لکھے بچوں کی طرف اور بچے ماں باپ سے نظریں چراتے ہیں۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے کہ ہر گھر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان موجود ہیں، مگر انھیں کوئی روزگار نہیں مل رہا۔ اے پی ڈی ایم والوں نے اپنی اپنی پارٹی کو وزارتیں دیکر عوام کی پریشانیوں مہنگائی میں اضافہ کر دیا

عوام بدحال پریشان ہیں جبکہ مقتدرقوتیں وزارتوں کو سب کچھ سمجھ کر مطمئن ہوگیے ہیں ۔ قیام پاکستان سے اب تک ملک پر 35سال فوجی آمریت مسلط رہی اور باقی عرصہ پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ اقتدار میں رہیں ۔ بلوچستان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کچھ لوگوں کی حکومت ہے، مگر صوبے کے عوام کے حالات پہلے سے بدتر ہو چکے ہیں اور تبدیلی کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ ملک کے تمام مسائل اور خرابیوں کے اصل ذمہ داریہی لوگ ہیں۔ ملک کو کرپشن کی دلدل سے نکالنے کیلئے قوم اٹھ کھڑی ہو۔ ملکی سلامتی اور تحفظ کیلئے عوام بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک وقوم کو دیانتدار اور مخلص قیادت صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے ۔ عوام چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیا سے نجات چاہتی ہے تو اسے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا ۔