برسلز: ہم تیرہ جولائی کے شہدا کو فراموش نہیں کرسکتے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید


برسلز (صباح نیوز)کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم تیرہ جولائی کے شہدا کو ہرگز فراموش نہیں کر سکتے۔

انہوں نے تیرہ جولائی کے یوم شہدا کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیر کے شہدا نے اپنے خون سے جدوجہد آزادی کو تقویت بخشی ہے، خاص طور تیرہ جولائی  کے شہدا نے آزادی کشمیر کی تحریک کو بنیادی تقویت و حوصلہ فراہم کیا ہے۔

یاد رہے کہ تیرہ جولائی  کو اس وقت کے ڈوگرہ سرکار کے حکم پر سرکاری اہلکاروں نے فائرنگ کرکے سری نگر کی جیل کے باہر ان بائیس کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جو ایک کشمیری رہنما عبدالقدیر کے خلاف مقدمے کی کارروائی دیکھنے کے لیے کئی دیگر لوگوں کے ساتھ جیل کے باہر جمع تھے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اگرچہ مظالم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن جب سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے، اس وقت سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں۔ قتل و غارت جاری ہے اور متعدد کشمیری رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن پابند سلاسل ہیں جن میں یاسین ملک، خرم پرویز اور احسن انتو بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت کی موجودہ مودی حکومت نے پانچ اگست  کو بھارت کے آئین میں ترمیم کرکے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین بھارت پر دبا ڈالے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرکے لوگوں پر ظلم و ستم بند کرے، سیاسی رہنماؤں سمیت آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام کشمیری قیدیوں کو رہا کرے، قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکالا جائے، کشمیریوں کی نسل کشی و قتل و غارت کو بند کروایا جائے اور این جی اوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر آنے کی اجازت دی جائے۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔

علی رضا سید نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے ظلم و ستم کا سلسلہ شدت سے جاری ہے اور بھارتی حکام نے پچھلے چند سالوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو بڑی بے دردی سے اپنے مظالم کا نشانہ بنایا ہے۔انسانی حقوق کے کئی علاقائی اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ظاہر کرچکے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے، نیز اس تنازعے کے حل کے تمام مراحل میں کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔