گوادر مکران ڈویژن سے اُٹھنے والی تحریک پورے بلوچستان کو حقوق دلائےگی، مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادر مکران ڈویژن سے اُٹھنے والی تحریک انشاء اللہ پورے بلوچستان کو حقوق دلادیگی بلوچستان کا ہر علاقہ مظلوم ،حکمرا ن ظالم اور بدعنوان ہیں۔ حکمرانوں کے لوٹ مار،ظلم وجبر اورلاقانونیت کو وفاق کی بھر پور حمایت حاصل ہے جماعت اسلامی مظلوموں کیساتھ اور ہر ظلم کے خلاف ہر میدان میں موجودہے عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیںتاکہ ظلم وجبر کانظام ختم اور عوام کو بنیادی انسانی حقوق میسرہو۔گوادر مکران ،ہرنائی سے اُٹھنے والی حقوق کے حصول کی عوامی تحریکوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔حکمرانوں کو ہر صورت عوام کو انسانی آئینی جمہوری حقوق دینا ہوں گے۔

ان خیالات کاا ظہارانہوں نے پنجگور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع وصوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ صفی اللہ ،مولانا نورمحمد ودیگر ذمہ داران بھی موجودتھے انہوں نے کہاکہ  بلوچستان مظلوموں کا صوبہ ہے بدقسمتی سے ہم پر جو طبقہ مسلط رہاوہ خود تو مالامال ہوئے لیکن اہل بلوچستان کو بدحال کردیا ہے ظلم وجبر کے خلاف عوام کو جماعت اسلامی کاساتھ دینا ہوگا حکومتی وبااختیار طبقات کے ظلم وجبر سے پورابلوچستان متاثر ہے ہر طرف سے حقوق کے حصول ظلم وجبر کے خلاف تحریکیں اُٹھ رہی ہے عوام بیزار پریشان اور بدحال ہیں جماعت اسلامی ان ظالموں کے خلاف عوام کی قیادت کرتے ہوئے نظام کو تبدیل کریں گے اسلامی نظام قائم ہوگا تو بلوچستان خوشحال اور عوام کے مسائل حل ہوں گے  نظام کی تبدیلی کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ نالائق حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا۔ پچھلے چار ماہ میں غیر ملکی قرضہ میں بارہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف کے حکم پر روپیہ کی قدر میں مسلسل کمی کی جارہی ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان بے قابو ہے۔ حکومت نے معیشت کا بیڑہ ڈبو دیا اب نظریہ کی جڑیں اکھاڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔بلوچستان کو جماعت اسلامی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرکے نوجوانوں کو روزگار اورترقی وخوشحالی دیگی ۔بلوچستان میں چہروں کی تبدیلی سے عوام کوکوئی فائدہ نہیں ملیگا بلکہ باریاں لینے والے مالامال ہوں گے۔ بلوچستان کے مظلوم عوام پر ہمیشہ تجربات ہوتے ہیں منتخب نمائندے بک جاتے ہیں وفاق بلوچستان کے مظلوم عوام کے بجائے حکمرانوں کا ساتھ دیتے ہیں ہم حقیقی اسلامی تبدیلی اور مدینہ کا اسلامی نظام قائم کریں گے ہم دعوے نہیں عملی کام کرنے والے ہیں۔