امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی قربانی کی کھالیں الخدمت کو دینے کی اپیل


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے عوام سے قربانی کی کھالیں الخدمت کو دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاتفریق لوگوں کی خدمت، امانت و دیانت الخدمت کی پہچان ہے۔ یتیموں بیواں ، غریبوں، ہونہار طلبا اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیکر ان کا دست و بازو بنیں۔ ذمے داران قربانی کا گوشت غریبوں تک پہنچانے سمیت دکھی انسانیت کی بلاتفریق خدمت کو اپنا نصب العین بنادیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا کامپلیکس میں منعقدہ الخدمت فانڈیشن سندھ ریجن کے ضلعی صدور کے اجلاس سے وڈیو لنک میں خصوصی خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں صوبائی ذمے داران سمیت سندھ بھر سے الخدمت کے ضلعی صدور شریک تھے۔اجلاس میں گزشتہ سال قربانی پراجیکٹ کے جائزہ سمیت رواں سال کی جائزہ و حکمت عملی رپورٹ پیش کی گئی۔

صوبائی امیر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ الخدمت کے تحت گزشتہ سال کروڑوں روپے کی مالیت کے جانوروں کی قربانی کا گوشت ہزاروں خاندانوں تک دیانت امانت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ پہنچایا گیا۔ الخدمت اس کے علاہ تھر سمیت سندھ بھر میں عوام کو پینے کا صاف پانی، روزگار، بلاسودی قرضے، آغوش، تعلیم و صحت اور سیلاب سمیت قدرتی آفات کے موقع پر امداد و بحالی کے کاموں میں پیش پیش ہوتی ہے۔ اس لیے اس کارخیر کو جاری رکھنے اور اس کام کو بڑھانے کے لیے عوام مالی امداد کے ساتھ ساتھ قربانی کی کھالیں خدمت کا نشان الخدمت کو دیکر سرپرستی اور دست و بازو بنیں۔