ادب تہذیب و اخلاق محض زندگی کے عکاس نہیں ہیں بلکہ ادب زندگی کو نیا رخ اور زاویہ فکر دیتا ہے، ثمینہ قمر


کراچی (صباح نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ قمر نے کہا ہے کہ ادب تہذیب و اخلاق محض زندگی کے عکاس نہیں ہیں بلکہ ادب زندگی کو نیا رخ اور زاویہ فکر دیتا ہے اپنی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے قلم سے جہاد کیجیے اور سماج کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیجئے،

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ قمر نے حریم ادب پاکستان کے تحت زوم پر منعقد ہونے والے ششماہی رپورٹنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر حریم ادب عالیہ شمیم کی زیر صدارت اس اجلاس میں حریم ادب کے مشاورتی بورڈ و مجلس ادارت کے ارکان ڈاکٹر عزیزہ انجم،نگہت فرمان، فرحی نعیم اور طہورہ شعیب بھی موجود تھیں۔ملک کے بڑے شہروں سے حریم ادب کی سیکرٹریز نے اپنے شہروں کی نمائندگی کی۔

اس موقع پر ثمینہ قمر نے مزید کہاانسان کو بندگی رب کے مقاصد جلیلہ کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے۔اسی عقیدے کے گرد انسان کی فکر و عمل کا دائرہ رہے تو اس کے گمراہی کی طرف نکلنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔اللہ کے آگے جوابدہی کا احساس قلمکاروں کے قلم کو معاشرے کی تعمیر کے لیے تحریک دیتا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری حریم ادب کراچی،لاہور،راولپنڈی ملتان و دیگر شہروں نے اپنی کارکردگی پیش کی۔

صدر حریم ادب عالیہ شمیم نے اپنی اختتامی گفتگو میں باہمی روابط و ذہنی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت اور کاموں کی بہترین منصوبہ بندی معیار مطلوب لاتی ہے، بلند اہداف، مخلصانہ جدوجہد اور ٹھوس پلاننگ حاصل نتائج پر غوروفکر نہ صرف کامیابی سے ہمکنار کرتی ہیں بلکہ قلم کی حرمت کا بھی حق ادا کرتی ہیں