بلوچستان ،بارش کے باعث  جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 56تک پہنچ گئی


کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے محکمہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے صوبے میں مون سون کی حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف حادثات میں 56 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،شہر کے کچھ علاقوں میں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جب کہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مختلف فیڈرز میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوئی ۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں پری مون سون اور مون سون کی حالیہ بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 56 تک جا پہنچی ۔مرنے والوں میں 22 خواتین، 24 بچے اور 10 مرد شامل ہیں۔ جاری رپورٹ کے مطابق حادثات میں اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خصدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔پی اڈی ایم کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 48 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس دوران صوبے بھر میں مجموعی طور پر 670 مکانات منہدم ہوئے ہیں۔بارشوں سے فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا، موجودہ صورت حال کے تناظر میں کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، شدید سیلابی صورت حال کی وجہ سے کوہلو کا اندرونی بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

کوہلو اورگردونواح میں موسلادھار بارشوں کے بعد سوناری کے مقام پرپل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ گوادر اور پسنی میں نکاسی آب کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ خضدار میں تمام پکنک پوائنٹس پر دس روز تک پابندی عائد کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔