وزیراعظم کا سیلاب اور بارشوں سے تباہ کاریوں پر امدادی کارروائیاں تیزکرنے کا حکم


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے تباہی پر امدادی کارروائیاں تیزکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ  وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں، متاثرہ عوام کی محفوظ علاقوں میں منتقلی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے،

وزیراعظم سے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو  نے ملاقات کی، شہباز شریف نے بارشوں سے نقصانات پر وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے  جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر  وزیرِاعظم نے بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔

وزیرِاعظم  شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے بارشوں اور سیلاب سے اموات اورمالی نقصانات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے تباہی پر امدادی کارروائیاں تیزکی جائیں۔وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کو سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ عوام کی امداد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ہنگامی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے  متعلقہ اداروں کو کوئٹہ ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، پشین، ہرنائی ، خوشنوب، قمرالدین اور مسلم باغ سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں مکانات گرنے سے متاثرہ عوام کو فی الفور ریلیف فراہم کیاجائے، صوبہ سندھ بالخصوص کراچی ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے موثر کوآرڈینیشن کی۔ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں، متاثرہ عوام کی محفوظ علاقوں میں منتقلی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے کرانے کا بھی اہتمام کیاجائے تاکہ عوام کے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے وزرا، ارکان پارلیمنٹ  کو ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں معاونت کرنے کی بھی ہدایت کی۔