منصوبہ بندی سے بلوچستان کو پسماندہ رکھاگیاہے،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بجلی کا کم استعمال ،غربت بے روزگاری زراعت کی تباہی ومہنگائی کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کا حق بنتاہے کہ یہاں بجلی کا لوڈشیڈنگ نہ اورقیمت بہت کم ہو ۔بلوچستان کے عوام کو ترقی میں شامل کرنے یا ریلیف دینے کے حوالے سے سب دعوے واعلانات بے عمل اور ڈرامے ہیں ۔بلوچستان میں حکومتی سطح پر بدترین بدعنوانی اوراحتساب کرنے والے خامو ش ہیں منصوبہ بندی سے بلوچستان کو پسماندہ رکھاگیاہے نہ موٹر وے ،نہ میٹربس ،نہ معیاری تعلیم ،نہ معیاری علاج اور نہ روزگار کے مواقع یہ سب وفاق وبلوچستان کے حکمرانوں کی مشاورت وآشیر باد سے ہورہے ہیں ۔جماعت اسلامی بلوچستان کو تبدیل اور ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے ۔عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں ۔

اپنے جاری بیان میں  انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی طر ف سے بلوچستان کے لیے اعلانات ،پراجیکٹس،ترقی وخوشحالی کے دعوے ،پیکیجزعملی طورپر عوام کے لیے لالی پاپ کے سوا کچھ نہیں۔ غریب سے غریب تراور امیر امیر ترہورہا ہے بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہرطرف بدعنوانی ،اقرباء فروری اورکمیشن مافیاکادو ردورہ ہے ان جرائم میں حکومت وعوام برابر کے شریک ہیں ۔ حکومت اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو مہنگائی کو ختم،یوٹیلٹی اسٹورزیا خوردنی اشیاء پر ریلیف دیا جائے اوربلوچستان کیلئے کم از کم 200یونٹ استعمال کرنے پر مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ22کروڑ عوام مسلم لیگ، پیپلزپارٹی،پی ٹی آئی ،قوم پرست ومذہب کے نام پرسیاست کرنے والوں کوآزماچکے ہیں۔ اب بار بار ان کو موقع فراہم کرنا کوئی دانشمندی نہیں۔ ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی بے لوث خدمت کی ہے۔ کم وسائل اور اقتدار سے باہر رہ کر بھی ہمارے لوگ شب و روز خدمت خلق کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو انہیں مایوس نہیں کریںگے۔ جماعت اسلامی کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے۔بلوچستان کے عوام کے لیے جماعت اسلامی کا نام نیا نہیں ۔ لوگ جماعت اسلامی کے سیاسی آئینی پارلیمانی،فلاحی کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنا قیمتی ووٹ بھی جماعت اسلامی کو دیں تاکہ نااہل کرپٹ اور چوروں سے نجات مل سکے