سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید نیشنل فرنٹ کے صدر نعیم احمد خان نے تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ہزاروں کشمیری شہدا کوانکی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے اوراپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کے اعادے کیلئے ہفتہ شہدا منائیں ۔انہوں نے جاری جدوجہد آزادی کیلئے کشمیری شہدا کی بے مثال قربانیوںکو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے شہدا کے مقروض ہیں جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج تنازعہ کشمیر مرکز نگاہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھارتی قابض فوجیوں نے مرد، خواتین اور بچوں سمیت لاکھوں کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عظیم قومیں اپنے شہدا کی قربانیوںکو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔کشمیری عوام سے ہفتہ شہدا منانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیںکشمیریوں کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے اہلخانہ کو یاد رکھنا چاہیے ۔
جاری جدوجہد میں شہید برہان مظفر وانی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے نعیم خان نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں۔حریت رہنما نے 13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ دن کشمیریوں کی مزاحمت کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد بہادری، جرات اور جانثاری کی داستانوں سے بھری ہوئی ہے۔