ہٹلر کے بعد مودی دنیا کے سب سے بڑے فسطائی رہنما بن کر سامنے آئے ہیں، معید یوسف


اسلام آباد (صباح نیوز)قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے گنا ہ کشمیر یوں کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

نجی نیوز چینل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہٹلر کے بعد بھارت کے وزیر اعظم نریندر امودی دنیا کے سب سے بڑے فسطائی رہنما بن کر سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ حکومت ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے اتفاق رائے اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔

افغانستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجودہ تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کیونکہ مختلف شعبوں میں دونوں کے مفادات مشترک ہیں۔