جماعت اسلامی مسائل کو ختم ہر شعبہ زندگی میں اسلام کی سربلندی کے لیے کوشاں ہے ڈاکٹر اسامہ رضی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی موجودہ دور کے سلگتے مسائل کو جڑ سے ختم کرکے ہر شعبہ زندگی میں اسلام کی سربلندی اور اقامت دین کے لیے کوشاں ہے۔ انیسویں صدی میں پوری دنیا میں اسلامی تحریک فکر مودودی کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔برصغیر پاک وہند ،بنگلہ دیش ،عرب دنیا اورمصر وترکی میں اسلام کوایک مکمل نظام حیات کے طور پر متعارف کرانے کا سہرا سید ابوالاعلیٰ مودودی کے سر ہے۔یہ بات مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے ادارہ نور حق میں 5روزہ خواتین ارکان کی تربیت گاہ کے دوسرے روزخطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ اسلام ایک محدود مذہب نہیں بلکہ آفاقی نظام ہے جو زندگی کے ہر شعبہ زندگی کو  سنوارنے کیلئے آیا ہے۔اسلام نے اجتماعی و انفرادی سطح پر ہر معاملے کے حوالے سے اصول اور احکامات دیے ہیں ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی سکریٹری جنرل حمیرا طارق نے ”دین میں ترجیحات ”کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی تقویٰ انفرادی تقویٰ پر فوقیت رکھتا ہے جس کے نتیجے میں معاشرہ سنورتا ہے، اقامت دین کیلئے کھڑا ہونا اجتماعی تقویٰ ہے۔ آج کے دور میں برائی کے آگے بندھ باندھنا اور حق کی آواز بلند کرنا سب سے بڑا جہاد ہے۔ڈپٹی سکریٹری سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی پر چلنے والے معاشرے سکون واطمینان اور تعمیر وترقی پاتے ہیں جماعت اسلامی کی ارکان معاشرے کیلئے نمونہ ہیں وہ گھریلو اور معاشرتی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانا جانتی ہیں۔اجتماع ارکان سے عطیہ نثار، جاوداں فہیم، عفت سجاد اور ثمینہ سعید نے بھی خطاب کیا۔#