عالمی برادری یاسین ملک کی بحفاظت رہائی کے لئے کردارادا کرے: مشعال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز)جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیرچیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ اورپیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے شوہر کشمیر ی لیڈر یاسین ملک کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ،وہ انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IIDA)کے ایک وفد  سے گفتگو کررہی تھیں جس نے اس کے صدر Mun Yong-Jo کی قیادت میں بدھ کو اسلام آباد میں ان  سے ملاقات کی ،وفد نے نظر بند حریت رہنما محمد یاسین ملک کا معاملہ ہرعالمی فورم پر اجاگر کرنے کا یقین دلایا۔

مشعال ملک نے آئی آئی ڈی اے کے صدر کی حمایت پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی مودی حکومت یاسین ملک کو خاموش کرانے کے لیے تمام وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی ایک توانا آوازہیں جس کی وجہ سے انہیں مختلف من گھڑت مقدمات میں پھنسایا گیا۔مشعال ملک نے کہا کہ ان کے شوہر کو کال کوٹھری میں رکھا گیا ہے اور نہ ان کے اہل خانہ کو اور نہ ہی ان کے وکیل کو ان سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ درجنوں حریت رہنمائوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر شہیدکیاگیا ہے اس لئے وہ اپنے شوہر کی حفاظت کے لئے فکر مند ہیں۔انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ ان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر آئی آئی ڈی اے پاکستان کی کوریا میں صدر سوبا خان اور آئی آئی ڈی اے کی اسٹینڈنگ ایڈوائزر ام جنگ سوپ بھی موجود تھیں۔آئی آئی ڈی اے کے صدر نے مشعال اور سبین ملک کو یادگاری شیلڈ پیش کیے۔