واشنگٹن (صباح نیوز)عالمی کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو10 ڈالر فی بیرل تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں برطانوی کروڈ آئل (برینٹ )کی قیمت 10.77 ڈالر فی بیرل یعنی 9.5 فیصد کم ہوکر 102.73 ڈالر پر آگئی۔اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 9.30 ڈالر یعنی 8.6 فیصد کم ہوکر 99.13 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں ماضی قریب میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں عالمی کساد بازاری کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اور وجہ ناروے میں آف شور ورکرز کی ہڑتال بھی ہے جس کے سبب تیل کی پیداوار میں 89 ہزار بیرل کمی متوقع ہے۔