لاہور(صباح نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے۔
ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ڈھاکہ پہنچنے کے بعد ایک دن قرنطینہ میں گزاریں گے اور اسکے بعد اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ڈھاکہ روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر بیٹس مین امام الحق، اظہر علی اور آل راونڈر فہیم اشرف شامل ہیں ۔ پی سی بی نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کھلاڑیوں کی روانگی سے قبل کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ 24 نومبر کو چٹاگانگ روانہ ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 نومبر کو لاہور واپس پہنچیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ26 نومبر کوچٹا گانگ میں شروع ہوگا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلے سے 0-2 سے کامیابی حاصل کر چکا ہے۔