کوئٹہ (صباح نیوز)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچادی ،کچے مکانات گرنے اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر بہہ جانے سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی جبکہ 20 زخمی ہوئے، نوشکی شیرین آب اور منگچر خالق آباد کو مستونگ سے ملانے والی شاہراہ پر شگاف پڑنے سے ٹریفک معطل ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدیدطوفانی بارشو ں اور سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں جن میں 11افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوئے ،جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، کئی علاقوں میں سڑکیں اور پل سیلابی ریلوں میں بہہ جانے سے ٹریفک بھی معطل ہوگئی ۔کولپور اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد بولان ندی میں سیلابی ریلے کے خطرے کے پیش نظر ضلع بولان میں قومی شاہراہ کو آمدرفت کیلئے ضلعی انتظامیہ کچھی کی جانب سے مکمل طور پر بند کیا گیا ،ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی نے عوام اور شہریوں سے بولان قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی تھی ۔
مچھ کے علاقہ گیشتری میں سیلابی ریلہ مری قبیلے کے پانچ افراد بہا کے لے گیا۔جن میں حاصل ،خان،میرل، فاضل اور حسین بخش شامل ہیں ، مقامی افراد نے ایک کو زخمی حالت میں بچا لیا ۔جن کی رشتہ دار عورتیں آہ وبکا کرتی بیٹھی ہوئی ہیں۔کوئٹہ میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی سریاب روڈ پر دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق اورسینکڑوں مکانات گرگئے۔
کوئٹہ لنک بادینی کراس کے قریب کچے مکانات گر گئے۔ محکمہ پی ڈی ایم اے نے امدادی سامان پہنچا دیاہے ،امدادی سامان میں خیمے ،برتن،کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر ضروری سامان شامل ہے،نوشکی کے علاقے کلی جورکین میں تیز بارش کی وجہ سے متعدد دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ کوئٹہ شہر میں بارش کی وجہ سے 21فیڈرز فنی خرابی کی وجہ سے بندرہا ، شہر کے 11فیڈرز کو حفاظتی پیش نظر کے تحت بندکر دیا گیا ۔بارش رکتے ہی متاثرہ فیڈروں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ۔
متاثرہ فیڈرز پرجلدازجلدبجلی بحال کرنے کے لئے کیسکو چیف انجینئر عبدالکریم جمالی نے خصوصی احکامات جاری کر دیئے ۔کیسکو چیف بجلی بحالی کے کام کی براہ راست نگرانی بھی کر رہے کچھ فیڈرز بحال کر دیئے گئے ۔ پورے کوئٹہ شہر میں تقریبا 90فیڈرز ہیں،کیسکو کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ شہر کے 137 میں سے 126 فیڈرز نے کام چھوڑ دیا تھا۔ واپڈا کی تمام ٹیمیں فیڈرز کی صفائی میں مصروف ہیں۔ اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔بعدازایں کچھ فیڈرز کو بحال کر دیا گیا ۔بارش اور سیلاب سے متاثرعلاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کر دی گئی ۔