ژوب (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع ژوب میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانیوالی مسافربس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 25افراد جاں بحق اور آٹھ خمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی سے کوئٹہ جانیوالی سدا بہار کمپنی کی مسافربس ڈرائیورسے بے قابو ہو کر ژوب کے علاقے دانہ سرکے قریب کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں پچیس مسافر جاں بحق اورآٹھ زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ژوب منتقل کردیا گیا ،بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے،مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیوحکام کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 33افراد سوار تھے، مسافربس بارش کے باعث سڑک پرپھسلن کے باعث پیش آیا، پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث امدادی کا رروائیوں میں رضا کاروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔
ادھروزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم اعلیٰ سیاسی شخصیات نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر وزیراعظم نے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے حادثے کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ژوب دھانہ سر کے علاقے میں بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات کی دعاکی۔صدر مملکت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔صدر عارف علوی نے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی
وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ژوب انتظامیہ اور ریسکیو 1122کو جائے حادثہ پر بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ ژوب ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی شیرانی کے قریب حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔حمزہ شہباز نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔