مہنگائی بدعنوانی بھاری سودی قرضے آئی ایم ایف غلام حکمرانوں کے تحفے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ مہنگائی بدعنوانی بھاری سودی قرضے آئی ایم ایف غلام حکمرانوں کے تحفے ہیں ۔حکمرانوں کی غلامی بے حسی وغفلت اور امریکی غلامی وآئی ایم ایف کے دبائو میں آکر سودکو جار ی رکھ کر حکمران اللہ اور رسول سے جنگ کے مرتکب ہورہے ہیں ۔ڈالر اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار باراضافہ حکمرانوں کی آئی ایم ایف غلامی ونوکری کو ظاہر کر رہی ہے ۔اے پی ڈی ایم کا مہنگائی ،سودکو جاری رکھنے اور بھاری سودی قرضوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔جماعت اسلامی سودی معیشت ،بدترین مہنگائی ،بھاری سودی قرضوں اوربدعنوانی کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کر رہی ہے ۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم کے بعد عوام پر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ظالم حکمرانوں کو عوام کا احسا س ہی ختم ہو چکا ہے۔ ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔ اے پی ڈی ایم جماعتیں اور پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔

عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔ بلوچستان میں محرومی غربت بے روزگاری اورمہنگائی دوسرے صوبوں کی نسبت بہت زیادہ ہے حکمران بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بلوچستان کو غربت مہنگائی ،بجلی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔سماجی خدمات کے شعبہ جات، ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی ۔ بجٹ سے سرکاری ملازمین اور عام دیہاڑی دار طبقہ کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ لوگ اپنے معاشی حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں#