کوئٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی بلوچستان کے امرائے اضلاع کا اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں زیر صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی منعقد ہوا۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے خصوصی شرکت کی اجلاس میں صوبائی نائب امراء بشیرا حمدماندائی ،ڈاکٹر عطاء الرحمان ،زاہداختر بلوچ ،ڈپٹی جنرل سیکرٹریزمولانا عبدالحمیدمنصوری ،مرتضیٰ خان کاکڑ سمیت امرائے اضلاع نے شرکت کی اجلاس میں امرائے اضلاع نے سابقہ تنظیمی رپورٹس پیش کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت وفیصلے کیے ۔
اجلاس میں امرائے اضلاع نے اپنے مقامی مسائل ،ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کے خلاف ”حق دو بلوچستان ”تحریک کی رپورٹ اورآئندہ کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ متوقع بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور دھاندلی کوروکنے کے اقدامات عوامی سطح پر بروئے کارلائیں گے ۔گوادر میں چلنے والی عوامی تحریک کو خراج تحسین پیش کیا گیا حق دو تحریک کیساتھ یکجہتی کیلئے گوادر جانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اضلاع کی سطح پر ذمہ داران وارکان خود جاکر اظہاریکجہتی وتعاون کریں گے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہاکہ جماعت اسلامی دین کی بالادستی کے ذریعے امن وخوشحالی اور تمام عوامی حقوق کی فراہمی کا پروگرام لیکر چل رہی ہے تاکہ موجودہ بدعنوان اور نااہل لوگوں کی جگہ نیک نام اور انسان دوست نمائندے نظام کو بدل دیں اور ملک کوترقی وخوشحالی کی راہ پر ڈال دیں، گوادرمیں عوام کے مقابلے میں انتظامیہ اورحکومت کی سردمہری غفلت اورعدم توجہ کی مذمت کرتے ہیں جماعت اسلامی اور اس کے ارکان وکارکنان اورپوری قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں اس عوامی دھرنے کی پرزور حمایت کرتی ہے۔
امرائے اضلاع افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے رکنیت سازی ویونٹ سازی پر توجہ دیں مالیاتی طور پر جماعت کو مضبوط کرتے ہوئے احتساب وآڈٹ کے نظام پربھی توجہ دیں ،دعوتی تربیتی انفرادی امور پر خاص توجہ دیں مرکزی تربیت گاہ میں شرکت کیساتھ ساتھ اضلاع کی سطح پر تربیتی پروگراموں میں اضافہ کریں ۔قرآن پاک سے تعلق مضبوط بناتے ہوئے فہم القرآن کلاسز کے انعقادپر بھی توجہ دیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادر مکران کے مسائل سے حکومت روگردانی کر رہی ہے ظلم وجبر کے خلاف پورے بلوچستان سے حقوق کے حصول کیلئے تحریکیں نکلے گی حکومت عوام وتحریکوں کو دبانے یا خواب غفلت کے بجائے ان عوامی تحریکوں کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مستقل حل کیلئے فی الفور عملی اقدامات اُٹھائیں جماعت اسلامی مظلوموں کیساتھ اور ہر ظلم وجبر کے خلاف ہر میدان میں موجودہیں عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔