حکومتی عدم توجہی،اسلام آباد میں پانی کی قلت،سیکٹر جی تیرہ کے رہائشیوں کا احتجاجی مظاہرہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارلحکومت میں پانی کی شدید قلت،پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور حکومتی بے حسی کے خلاف سیکٹر جی تیرہ کے رہائشیوں نے شدید احتجاج کیاجبکہ مسجد الحسن جی تیرہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں اہلیان ایچ تیرہ، آئی تیرہ، جی تیرہ،جی چودہ،شمس کالونی سمیت گردونواح کے رہائشیوں، سیاسی،سماجی و مذہبی شخصیات و اہل علاقہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

مظاہرہ کی قیادت سید عتیق الرحمن،جاوید قریشی، مولانا عزیز الرحمن ،زاہد مغل،ظفرعلی سپرا ، احسن حامد، اسامہ طاہر،محمد عارف، حسن شہزاد، چوہدری سہیل، سید رضا، اورنگزیب میڈیم وجیہہ و دیگر نے کی مظاہرے کے شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ علاقہ میں زیر زمین پانی کی سطح ختم ہونے سے ٹیوب ویل اور پانی کے بور کام چھوڑ چکے ہیں،ٹینکرمافیا من مانے ریٹ وصول کرنے جبکہ بلیک میلنگ پر اترآیا جبکہ شہری پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہوچکے ہیں،ایف جی ایچ اے پانی کی فراہمی میں یکسر ناکام ہوچکی ہے،ان حالات میں اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سری نگر ہائی وے کو کسی بھی وقت بلاک کرنے کی کال دی جاسکتی ہے۔

مظاہرہ میں ایچ تیرہ کو پانی دو تحریک کے قائدین نے بھی خصوصی شرکت کی اور جی تیرہ کے رہائشیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پرجی تیرہ کو پانی دو کے نعرے درج تھے۔

انہوں نے فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی اورحکومتی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور شدید نعرے بازی کی۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ جی تیرہ،جی چودہ سمیت دیگر علاقوں بالخصوص ایچ تیرہ کے رہائشیوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق کا اہل سمجھتے ہوئے پانی جیسا بنیادی حق دیاجائے۔ پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا یہاں تک کہ مساجد میں بھی وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں ہوتاہے۔ وفاقی دارالحکومت میں حکومتی گورننس کی یہ حالت ہے تو باقی ملک کا کیا حال ہوگا؟۔

مقررین نے اعلان کیاہے کہ اگر انتظامیہ نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے اور ایسے ہی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ جاری رکھا تو اگلے مرحلے میں سری نگر ہای وے کوبلاک کرنے کی کال دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی۔