اسلام آباد(صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر وبھارت کے اندرمسلمانو ں کے قتل عام اور بی جے پی ترجمان اور دوسرے بی جے پی رہنماوں کے توہین رسالت ریمارکس کے بعد نریندرا مودی کی ہندو انتہا پسندی اورمسلم مخالف مذموم ایجنڈا دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے،مسلم ممالک خاص عرب دنیا میں بھارت کے خلاف نئی فضاء قائم ہوگئی ،بھارت میں مودی کے زیر قیادت ہندو انتہا پسندی و دہشت گردی کی صورتحال کا اسی طر ح فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے جس طرح بھارت نے نائن الیون کی آڑ میں کشمیریو ں کی تحریک کو دہشت گردی کے ساتھ ملانے کی مذموم کوشش کی،
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرکی نومنتخب قیادت کے ساتھ موجودہ صورتحال میں مل کرکام کر یں گے ، وہ جمعرات کو کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ،عبدالرشید ترابی نے جمعرات کو اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے دفتر کا دورہ کیا اور حریت کانفرنس کے نومنتخب کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو مبارکباد دیتے ہوئے گلدستہ پیش کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سینئر حریت رہنما محمد مصدق عادل اور ان کی والدہ کے انتقال پر حریت رہنماوں سے اظہار تعزیت بھی کیامحمد مصدق عادل اور ان کی والدہ کا حال ہی میں سوپور مقبوضہ کشمیرمیں انتقال ہوا تھا۔
بعد میں حریت رہنماوں سے ایک خصوصی بریفنگ کے دوران سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرعبدالرشید ترابی نے کہا کہ ،کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور عام لوگوں میں اسے ایک اعلی مقام حاصل ہے۔انہوں نے بریفنگ میں اپنے حالیہ دورہ ترکیہ اور وہاںایک عالمی کانفرنس کے دوران کشمیر کے حق خودارادیت کے حق میں منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ ترکی میں نامور تھنک ٹینکس اور دیگر شخصیات سے اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بھی بریف کیا ،انہوں نے کہاکہ ترکی اس وقت مسلم امہ خاص کر کشمیریوں کے حوالے سے ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ، ترک صدر کا مسلم مخالف ایجنڈے پر بھارت کے خلاف موقف اور دوٹوک پالیسی قابل تعریف ہے ،
انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف مودی حکومت کے مسلم مخالف پالیسی پر پوری مسلم دنیا متحد ہوتی نظر آرہی ہے خاص کر بی جے پی ترجمان کے توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ریمارکس پر مسلم ممالک خاص کر عرب دنیا اور اوآئی سی کی جانب سے ٹھوس اور حوصلہ افزاء ردعمل سامنے آیا ہے اور اس موقف کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کی مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اور انتہا پسندی کو پوری دنیا میں اجا گر کرنے کی ضرورت ہے ا ور کشمیریوں کو خاص کر اس صورتحال کا فائدہ اٹھاکر عالمی رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنا چاہیے ، انہوں نے حریت کانفرنس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداران کشمیر کاز کے لیے انتھک اور خلوص سے کام کریں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن اقدام کریں گے۔اس موقع پر حریت کانفرنس کے نومنتحب کنوینئر محمود احمد ساغر نے عبدالرشید ترابی کا حریت دفتر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عبدالرشید ترابی کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ہے جنھوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے لئے ان تھک کوششیں کیں اور آج بھی کشمیرکے حوالے سے سفارتی اور سیاسی محاز پر سرگرم ہیں، محمود احمد ساغر نے کہا کہ کشمیر کی تحریک اس وقت ایک نازک مرحلے پر کھڑی ہے جب بھارت پانچ اگست2019 کے یکطرفہ اقدامات کے بعد جی ٹونٹی ممالک کا ایک اجلاس کشمیر میں کرانے کی تیاریاں شروع کرچکا ہے جوکہ ایک متنازعہ ریاست میں بھارت کی جانب سے یواین قراردادوں کی ایک اور خلاف ورزی ہے
انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے جی ٹونٹی کے سربراہ سمیت رکن ممالک کو کشمیریوں کی جانب سے ایک مفصل خط ارسال کیا جانا چاہیے جس میں انہیں اس بات پر زوردیا جائے کہ ایک متنازعہ علاقے میں جی ٹونٹی ممالک کا اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور وہ بھارت پر زور دیں کہ وہ اس طرح کی خلاف ورزی سے باز رہے ، اس موقع پر سابق کنوینئر غلام محمد صفی نے بھی عبدالرشید ترابی کے دورے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ عبدالرشید ترابی برطانیہ کے دورہ پر جانے والے ہیں اور ان کا اس اہم موقع پر یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل ہے ،کیونکہ برطانیہ اس وقت مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتاہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سابق امیر جماعت اپنے دورہ برطانیہ میں اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ بعد میں شہداء کشمیر اور کشمیر کی جلد آزادی کے لئے خصوصی دعاء کی گئی۔۔