پشاور۔۔ کٹھ پتلی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ،مولانا فضل الرحمان


پشاور(صباح نیوز)جمعیت علماء اسلام (ف)اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی حکومت ہے جس نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ حکمرانوں نے معیشت کوعالمی مالیاتی اداروں میں گروی میں رکھوادیا۔

ملک میں روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ عمران سیاست کا غیرضروری عنصر ہے جسے قوم پر مسلط کیا گیا ۔ تین سال میں دو طرح کی قانون سازیاں کی گئیں۔ فوجی عدالت سے سزا پانے والے کل بھوش کی رہائی کے لیے قانون سازی کی گئی۔

حکمرانوں نے کشمیر کو بیچ کر ڈکار بھی نہیں لیا۔ اب یہ لوگ ریاست مدینہ کے نعرے کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں۔ ہم نے اب تمہارے گریبان میں ہاتھ ڈال دیا ہے۔ہم اس ملک میں جمہوریت اور عوام کے اختیار کی بات کرتے ہیں۔ فوج جیسے ادارے کو خود مختار دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ بلدیاتی نہیں بلکہ عام انتخابات ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام پشاور میں مہنگائی کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جمعیت علماء اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے ۔

یہ کٹھ پتلی ہے عوام کا نمائندہ نہیں ۔یہ حکمران قوم کے اوپر لعنت بن کر مسلط ہیں ۔ملک پر اتنے قرضے مسلط کر دیئے گئے ہیں کہ آج لوگ اپنے بچوں کو بیچنے کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے لارہے ہیں ۔عوام اجتماعی خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں ۔آج خودکشی کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔قوم کو ایسے حکمرانوں سے نجات دلانا ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ تین سالوں کے دوران موجودہ حکومت نے قانون سازی کے ذریعے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی گرفت پاکستان پر مضبوط کی ہے جو ہمارے ملک میں معاشی مشکلات کا سبب ۔

مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ تم نے ہماری تہذیب کو مغرب کیلئے تبدیل کرنے کی کوشش کی ۔ان کی خوشنودی کے لئے نوجوان نسل کو گمراہ کیا ۔ ملک میں اسلامی تہذیب و تمدن ملک کے اسلامی تشخص کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی ۔

آئین کی اسلامی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کی ۔پھر ریاست مدینہ کے مقدس عنوان کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر تے ہو ۔اب ان پردوں کے پیچھے تم نہیں چھپ سکتے ۔ہم نے تمہارے گریبان میں ہاتھ ڈال دیا ہے ۔

امیر جمعیت علماء اسلام نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے کہ کسی کو اپنے مفادات کی کمزوریا ں مجبور کر دیں تاہم ہمیں نہ اقتدار کی لالچ ہے اور نہ مفادات کی لالچ ہم اللہ کے لئے اس میدان میں نکلے ہیں اور لڑتے رہیں گے جب تک اس ناپاک حکومت کو سمندر برد نہ کر دیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی کو فون کئے گئے کہ پارلیمنٹ میں جا کر قانون سازی میں حصہ لیں۔پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو آزادی کی طرف بڑھنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کو بیچ دیا ۔عمران خان نے کہا کہ مودی کامیاب ہو گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

آج جسے عدالت نے سزا دی ہے اس کل بھوشن کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے ۔اس کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور تما م مسائل کا حل موجودہ حکومت کو گھر بھیجنا ہے ۔