منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے ملکی وعالمی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،شاہ زین بگٹی


  اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے ملکی اور عالمی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارا مقصد منشیات سے پاک معاشرہ ہے ، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہے۔

وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شازین بگٹی نے ورلڈ ڈرگ رپورٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسدادِ منشیات کے خلاف کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں منشیات کی سمگلنگ ایک چیلنج ہے تاہم منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کی روک تھام کے لیے ملکی اور عالمی اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2022 کے مطابق دنیا کی نوے فیصد ہیروئین ہمارے ایک ہمسایہ ملک میں تیار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا  کہ دنیا میں منشیات سمگلنگ کے تین بڑے روٹ ہیں اور منشیات کی برآمدگی کی شرح پچھلے تین سال میں دوگنی ہو گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں انسدادِ منشیات کے لیے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آگے آنا ہوگا اور منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا، اس مقصد کیلئے نوجوان نسل اور طلبہ میں منشیات کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے۔