بھارت کشمیری نوجوانوں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت نشانہ بنا رہا ہے:کل جماعتی حریت کانفرنس


سرینگر۔۔۔۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے دستبردارکرانے کے لئے جان بوجھ کر نوجوانوں کو نشانہ بنا رہاہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ عالمی برادری کشمیر میں جاری جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کرے،

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کو کالے قوانین کے تحت بے پناہ اختیارات حاصل ہیں اور وہ کسی سزا کے خوف کے بغیر کشمیری نوجوانوں کو بلا روک ٹوک قتل اور گرفتار کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فوجیوں نے متعدد نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا اور کئی دیگر کو گھروں پر چھاپوں اور نام نہاد تلاشی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کرے۔