عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں، واپس جانے کیلئے نہیں آیا، شہباز گِل


منڈی بہاوالدین (صباح نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے کہاہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، واپس جانے کے لیے امریکا سے نہیں آیا۔

منڈی بہاوالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  شہباز گِل کا کہنا تھاکہ میں امریکا میں عزت کی نوکری کرتا تھا خان کے لیئے یہاں آیا ہوں، کپتان چاہیں گے تو میں الیکشن لڑوں گا۔

شہباز گِل نے کہا کہ ای وی ایم سے جعلی ووٹ ڈالنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا، اپوزیشن نے ہر چیز میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ بہت جلد عمران خان ایک نیا پروگرام لا رہے ہیں۔ شہباز گِل نے یہ بھی بتایا کہ حکومت آپ سب کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا صحت کارڈ لے کر آ رہی ہے،اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ امریکہ واپس جانے کے لئے نہیں آ یا، کپتان نے چاہا تو الیکشن بھی لڑوں گا ،انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی مسخرے اپنے آپ کو خبروں میں رکھنے کے لئے آئے دن ان کے امریکہ واپس جانے کی جھوٹی پیش گوئیاں کرتے رہتے ہیں، ایسے مسخروں پر واضح کر دوں کہ واپس جانے کے لئے نہیں آیا۔

شہبازگل نے کہا کہ جتنا پیسہ آپ شریفوں کی کرپشن میں مددکر کے کماتے تھے۔۔اس سے زیادہ پیسوں کی نوکری عمران خان پرقربان کی ہے،جب تک ہمت ہے مسخروں اور ان کے تماش بینوں کی کرپشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

شہباز گل نے کہا کہ کپتان حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں، وہ اپنے کپتان کے ساتھ کھڑا ہوں گے، مجھے پتہ ہے مسخروں اور ان کے لیڈروں کومیری بہت تکلیف ہے،زندگی موت عزت اللہ کے ہاتھ ہے