جی20 ممالک جموں وکشمیر میں اجلاس منعقد کرکے اقوام متحدہ کی ساکھ کو مجروح کرنے سے باز رہیں:کل جماعتی حریت کانفرنس


سرینگر(صباح نیوز)کْل جماعتی حریت کانفرنس نے گروپ 20 کے رکن ملکوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے متنازع قرار دیئے گئے علاقے جموں و کشمیر میں اپنے اجلاس کے انعقاد کے ذریعے اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

کْل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں گروپ 20 کے اجلاس کے انعقاد کی تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو جائز قرار دینے کی جانب ایک قدم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گروپ 20 کے رکن ملکوں کو مقبوضہ وادی میں  دس لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوجیوں کی طر ف سے جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کو بھارت سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے مزید کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری اس کی غلامی سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت پر بھی زور دیا کہ وہ متنازعہ جموںوکشمیر میں جی 20 ملکوں کے اجلاس کے انعقاد کے بجائے جنوبی ایشیا کو پرامن، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے