اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان کے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت د یتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی، مجرموں کو اقتدار دیا گیا، آج نیب اور ایف آئی اے تباہ کر دی اور آگے یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹائیگرفورس ویب سائٹ لانچ کردی۔ اس موقع پر نوجوانوں کے نام جاری پیغام میں عمران خان نے ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں آپ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی اور 30 سالوں سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی اور اس لئے اقتدار میں لائے گئے تا کہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں، 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج نیب اور ایف آئی اے تباہ کر دی ہے اور آگے یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دئیے اور اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان کے ادارے تباہ کر کے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں جبکہ 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانتیں لے کر بیٹھی ہیں۔ان لوگوں نے پارٹی کی لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہے، میرے اوپر 9 ایف آئی آر درج کرائی گئیں، سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھمکایا جا رہا ہے اور میڈیا پر فاشسٹ ہتھکنڈوں کے ذریعے بد ترین سختیاں مسلط کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے، یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینا ہے، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے اور ہماری درخواست ہے کہ انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں اس لئے نوجوانوں سے کہتا ہوں خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس جوائین کریں۔