لوٹوں کو ایسی شکست دیں کہ دوبارہ ایوان میں نہ آئیں، عمران خان


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹے ضمیر بیچ کر عوام کی توہین کرتے ہیں، ضمنی الیکشن میں انہیں شکست دینا ہوگی، لوٹوں کو ایسی شکست دیں کہ دوبارہ ایوان میں نہ آئیں، ملزم حمزہ اور اس کے والد کو شکست دینی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کو لوٹوں کو اپنے حلقوں میں شکست دینا ہوگی، لوٹے اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، لوٹوں کو ایسی شکست دیں گے کہ دوبارہ ایوان میں نہ آئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کے مارچ کے دوران ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے ،غنڈہ گردی کی جارہی ہے، ملزم حمزہ اور اس کے والد کو شکست دینی ہے۔

قبل ازیں پی پی 168 کنونشن میں عمران خان کی آمد پر بدنظمی ہوئی، رش کے باعث ہال کا دروازہ ٹوٹ گیا جبکہ دروازے کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا، عمران خان کی روانگی کے وقت بھی کارکنان کا رش اور دھکم پیل ہوئی۔

دریں اثنا حالی روڈ گلبرگ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں پورا ملک ضمنی الیکشن کو دیکھ رہا ہے، یہ 20 الیکشن فیصلہ کریں گے کہ عوام الیکشن کمیشن پر اعتماد کر سکتے ہیں یا نہیں۔

عمران خان  نے ہدایت کی کہ نوجوانوں آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن کو سنبھالنا ہے، گھر گھر جاکر لوگوں کو ووٹ دینے کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ یہ ایک حلقے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے، آپ نے قوم کو جگانا اور احساس دلانا ہے کہ وہ چوروں کو ووٹ نہ دیں، میں واحد کپتان ہوں جو انڈیا میں ان کے امپائر ہوتے ہوئے بھی جیت کر آیا تھا کیونکہ میرے ساتھ اللہ اور میری ٹیم تھی، اب بھی انشا اللہ عوام کے ساتھ مل کر یہ میچ جیت جاؤں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت ناجائز، الیکشن کمیشن بھی جانبدار ہے، کسی کو اس پر اعتماد نہیں، ملک پر چوروں کو مسلط کردیا گیا ہے، عوام ان کے خلاف ہوگئے، لوٹے ضمیر بیچ کر عوام کی توہین کرتے ہیں، ضمنی الیکشن میں انہیں شکست دینا ہوگی۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد عمران خان کا پلان اچانک تبدیل ہوا اور وہ واپڈا ٹاون کے بجائے زمان پارک میں موجود اپنی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہیں پارٹی رہنماوں نے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔