بھارت کشمیریوں کے خلاف تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، فریدہ بہن جی


سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں جموںو کشمیرماس موومنٹ کی سربراہ اور حریت کاکانفرنس کی سینئر رہنماء فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور مودی سرکارمقبوضہ علاقے میں منظم اور ادارہ جاتی طریقے سے تشدد کا استعمال کر رہی ہے۔اقوام عالم کو کشمیر میں بھارتی ظلم و تشد د کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کے خلاف کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر عالمی عدالت انصاف میں کارروائی کرنی چاہیے

دنیا بھر میں تشدد کے شکارافراد کی حمایت کاعالمی دن منا ئے جانے کے موقع پر اپنے بیان میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ  قابض فوجی مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے عوام پر ظلم و تشدد رہے ہیں، بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو کچلنے کے لیے منظم طریقے سے تشدد کا استعمال کر رہا ہے نوجوانوں ،بزرگوں ماوں بیٹیوں کو مختلف طریقوں سے ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ،خاص کر نوجوانوں کو گرفتار کرکے ٹارچرسیلوں میں انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنایا جاتاہے ،بھارتی فوجی تشدو اور ظالمانہ کارروائیوں سے کئی افراد معذور ہوچکے ہیں ،ہزاروں افراد کو شہید کیا گیا ہے

ماس موومنٹ کی سربراہ نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں متعدد ٹارچر سینٹر قائم کیے ہیں جہاں کشمیریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی فوج کے بدنام زمانہ ٹارچر سینٹرز میں ہزاروں کشمیری اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ فریدہ بہن جی نے کہاکہ کشمیریوں کا قصور اور جرم یہ ہے کہ وہ اپنے حق خود ارادیت کا مطالبہ  بھارت سے کررہے ہیں جس کا وعدہ خود بھارت نے ان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کررکھا ہے

انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کے بلند حوصلوں اور بہادری کے سامنے ہمیشہ ناکام  رہے ہیں  انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی برادری دنیا بھرمیں تشددکے شکار افراد کی حمایت کا عالمی دن منارہی ہے دوسری طرف کشمیریوں کے خلاف تشدد کے وحشیانہ استعمال سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ،ان حالات میں کشمیریوں کے لئے یہ دن کوئی معنی نہیںرکھتا

فریدہ بہن جی نے کہا کہ عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے بے گناہ کشمیریوں پربہیمانہ تشدد کا نوٹس لینا چاہیے اورتشدد کے وحشیانہ استعمال پرمودی کی زیر قیادت بھارت کا محاسبہ کرکے عالمی عدالت انصاف میں اس کے خلاف اقدامات اٹھانے چاہیے۔۔