ملتان(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر استعمار اور آئی ایم ایف کے وفاداروں کے جابرانہ اور ظالمانہ اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔ عوام اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے،ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔ 75 برسوں سے عوام کی گردنوں پر سوار ظالم حکمرانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔افسوسناک امر یہ ہے کہ برسوں سے حکمران ٹولہ قوم کو یہ کہہ کر اب بھی بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ مسائل کا حل انہی کے پاس ہے۔ پی ٹی آئی، پی پی اور پی ڈی ایم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ملک کو اس نہج پر پہنچادیا ہے کہ معیشت تباہ، ادارے برباد اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ کرپشن ناسور بن چکی اور احتساب کا کوئی نظام باقی نہیں رہا۔ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئیں، اب ملک میں اسلامی نظام آئے گا۔
وہ ملتان ریلوے سٹیشن پر ٹرین مارچ کے پہلے روز کے اختتام پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیں امیرجماعت کی قیادت میں مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف رحیم یار خان سے ٹرین مارچ کا آغاز ہوا۔ عوام کی بڑی تعداد اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے مارچ کے آغاز سے قبل امیر جماعت کا ریلوے سٹیشن پہنچنے پر نعروں کی گونج میں استقبال کیا۔ قومی اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے لوگوں کی بڑی تعداد صبح سویرے ہی ریلوے سٹیشن پنڈال میں پہنچ گئی تھی۔
سراج الحق کی آمد پرپرجوش اجتماع نے حکمرانوں کی ملک اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ نائب امرا لیاقت بلوچ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر، نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی، ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور، خیر محمدتونیوسمیت دیگر قیادت بھی ٹرین مارچ کے دوران امیر جماعت کے ہمراہ ہے۔ ٹرین مارچ کے پہلے روز کا اختتام ملتان میں ہوا جہاں امیر جماعت نے بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔
رحیم یار خان سے ملتان تک سفر میں امیر جماعت نے لیاقت پور،خانپور،ڈیرہ نواب،بہاولپور سمہ سٹہ اور شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنز پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے بھی خطاب کیا۔ ٹرین مارچ کے شرکا اتوار کو ملتان سے لاہور پہنچیں گے۔ امیر جماعت لاہور ریلوے سٹیشن پر عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھوٹ اور الزامات کا مقابلہ جاری ہے۔ حکمرانوں کی مفادات کے لیے جنگ میں عوام جل رہے ہیں اور ملک تباہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام معیشت کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر دیا، ملک کی آزادی اور خودمختاری کا سودا کرنے والوں کے خلاف جہاد میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں نے ریلوے، سٹیل مل، پی آئی اے سمیت ہر قومی ادارے کو تباہ کر دیا۔آئی ایم ایف کی تابعداری میں غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے والوں کا یوم حساب قریب آگیا۔ کڑا احتساب ہوا تو ان حکمرانوں کی اکثریت جیلوں میں ہو گی۔ کشمیر کا سودا اور استعمار کی غلامی میں عوام پر عرصہ حیات تنگ کرنے والوں نے اسلام اور نظریۂ پاکستان سے غداری کی۔ اسلامی نظام مسائل کا حل اور صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو یہ نظام دے سکتی ہے۔
رحیم یار خان ریلوے اسٹیشن پر اپنے افتتاحی خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان جل رہا ہے، معیشت کا سقوط اور ادارے برباد ہوچکے، مگر حکمران جماعتیں اب بھی سنجیدگی کا راستہ اپنانے سے گریزاں ہیں۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے ڈگر پر ہے۔حکمرانوں کا کرپشن کے خاتمہ کا ایجنڈا سرے سے ہی موجود نہیں ہے۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مافیاز کو نوازا ہے۔ ملک کے فیصلے آئی ایم ایف کے واشنگٹن میں بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ 75سالوں سے مختلف نعروں کے نام پر قوم کوبیوقوف بنایا گیا۔ پاکستان میں بجلی کے ایک یونٹ پر چار روپے سے زیادہ خرچ نہیں آتا مگر حکمرانوں نے باہر کی کمپنیوں سے معاہدہ کرکے بجلی کی قیمت بیس سے پچیس روپے فی یونٹ تک پہنچا دی۔آدھی سے زیادہ آبادی صاف پانی سے محروم ہے۔زرعی ملک ہونے کی باوجود کاشتکار پریشان ہے۔غریب کسان کو محنت کے باوجود اپنا حق نہیں ملتا۔زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم گندم باہر سے درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مل کر جنوبی پنجاب کے عوام سے مذاق کیا۔ آج ملک میں قانون کی حکمرانی کا تصور تک نہیں۔ طاقتور اور غریب کے لیے الگ الگ قانون اور عدالتیں ہیں۔موجودہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے ملک لوٹا ہے، سابقہ وزیراعظم موجودہ کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ تینوں پارٹیاں ایک دوسرے کے بارے میں سچ بول رہی ہیں۔
انہوں نے کہ پی ڈی ایم والے دعوے کرتے تھے کہ وہ ملک کو ٹھیک کردیں گے مگر تین ماہ کے دوران حالات مزید بدتر ہوگئے۔ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی، بے روزگاری اور کرپشن کا طوفان ہے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر سودی بجٹ تیار کیا گیا جس سے مزید تباہی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اب ملک کو جماعت اسلامی اللہ کا دیا گیا نظام نافذ کرکے ٹھیک کرے گی۔ قوم ہمارا ساتھ دے تاکہ بہتر پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے جماعت اسلامی کو موقع دیا تو ہم ملک کو کرپشن فری پاکستان بنائیں گے۔