دولت مشترکہ ممالک کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے ڈیجیٹل طریقے اپنانا ہونگے،وزیراعظم شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ دولت مشترکہ ممالک کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے ڈیجیٹل طریقے اپنانا ہونگے،پائیدار ترقی کیلئے ڈیجیٹل طور طریقے اپنانا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

روانڈا میں دولت مشترکہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں ذاتی طور پر آپ کے ہمراہ موجود نہیں ہوں تاہم دولت مشترکہ کے معزز سربراہان حکومت کے اس معزز اجتماع سے خطاب کرنا میرے لیے باعث افتخار ہے۔انہوں نے کہا کہ میں روانڈا کے عوام، حکومت اور صدر پال کگامے کو اس اجلاس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے کگالی جیسے خوب صورت شہر میں اس اجلاس کے انعقاد پر ان کا انتہائی مشکور ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم یہاں اپنی قوموں کے مستقبل کے بارے میں غور و خوض کے لیے جمع ہوئے ہیں، میں ایسے کثیرالجہتی فورم کو زبردست الفاظ میں سراہتا ہوں،وزیراعظم نے کہا کہ اس سے دولت مشترکہ کے چارٹر کے مطابق ہماری مشترکہ اقدار اور اصولوں پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، دولت مشترکہ کے ممالک کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہی نوجوانوں کے ہاتھ میں دنیا کا مستقبل ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع کے ہماری زندگی میں بڑھتے کردار کے سبب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تخلیقی، جامع اور پائیدار ترقی کے لیے ڈیجیٹل طور طریقوں کو اپنانا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا عزم ہے کہ ہم ایسے اقدامات کریں جن کی مدد سے معاشروں کے درمیان موجود ڈیجیٹل ترقی کی تقسیم کم تر کی جاسکے اور ہم اپنے ہاں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اپنی آبادی کو ہر طرح کی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کریں۔ان کا کہنا تھا کہ میں انتہائی فخر سے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ اعلان کر رہا ہوں کہ پاکستان کو یہ اعزاز بخشا گیا ہے کہ دولت مشترکہ ممالک کے امور نوجوانان کے وزرا کی 10 ویں کانفرنس کی میزبانی جنوری 2023 میں پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں دولت مشترکہ کے امور نوجوانان کے وزرا کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ملک کے حسن اور تنوع کا جائزہ لے سکیں اور ہمیں اپنی مہمان نوازی کا موقع دیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم دولت مشترکہ کی نوجوان نسل کی ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کی مد میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

خیال رہے کہ روانڈا کے شہر کگالی میں دولت مشترکہ سربراہان حکومت کا 2022 کا اجلاس 20 سے 25 جون تک شیڈول تھا جبکہ 24 جون سے 25 جون تک سربراہان کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اس سے قبل وزارتی اجلاس، غیررسمی ملاقاتیں اور دیگر سمیت چار مختلف فورمز پر ملاقاتیں ہوئیں۔