مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات میں نواز بھٹی چیڑاسی کے 32 اکاؤنٹس کا انکشاف


لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرچوہدری مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات میں بھی ایک چپڑاسی کی انٹری ہو گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق (ق) لیگی رہنما مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات میں نواز بھٹی چیڑاسی کے 32 اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں مونس الٰہی نے جواب جمع کروا دیا ۔

ایف آئی اے کے محمد نواز بھٹی چپڑاسی سے متعلق سوالات پر مونس الٰہی نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد نواز بھٹی کو نہیں جانتا، نواز بھٹی چپڑاسی کے اکاؤنٹس سے متعلق معلوم نہیں۔

انہوں نے جواب میں کہا ہے کہ آر وائی کے گروپ بنانے میں کوئی کردار نہیں ، عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے۔راسخ الٰہی نے شیئرز تحفے میں د یئے جس سے ایکس کیپٹل لمیٹڈ کے ذریعے 16.2 فیصد لئے۔انہوں نے کہا ہے کہ  18.63 فیصد شیئرز سرمایہ کاری کر کے ایم ای کیپٹل لمیٹڈ کے ذریعے لئے۔

ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ ڈیکلیئر ہے۔ ایف آئی اے نے مونس الٰہی سے 33 سوالات کے جوابات مانگے تھے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے میں مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف 24ارب روپے کی منی لانڈرگ کی تحقیقات جاری ہیں۔