سری نگر(صباح نیوز)بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک درجن سے زیادہ مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ اس دوران سری نگر کے صورہ اسپتال میں بھی چھا پہ مارا گیا۔این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ سری نگر، کولگام، پلوامہ اور گاندربل اضلاع میں کئی گھروں پر چھاپے مارے۔
انہوں نے چھاپوں کے دوران مکینوں کو ہراساں کرنے کے علاوہ گھروں میں موجود دوران ڈیجیٹل آلات اور موبائل فون ضبط کر لیے۔صورہ ہسپتال پر چھاپہ مار کر ایک شخص 24 سالہ ارشاد احمد الہی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک بیان میں این آئی اے ترجمان نے کہا کہ آج کی گئی تلاشی کے دوران ڈیجیٹل آلات سمیت مجرمانہ مواد ضبط کیا گیا ہے۔مدثر احمد ڈار ولد علی محمد ڈار ساکنہ نوپورہ، کھرپورہ، کولگام کو گرفتار کیا گیا۔
این آئی اے کے اہلکاروں نے جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں کے ساتھ سرینگر کے حبہ کدل اور سترشاہی علاقوں میں چھاپے مارے۔ حبہ کدل میں نذیر احمد اور ستر شاہی کے رہائشی شاہ فیصل کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ ان دونوں کو این آئی اے کی ٹیم نے حراست میں لے لیا۔