کمر توڑ مہنگائی سے مہاجرین کشمیر مشکلات کاشکار،حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر فوری اقدامات اٹھائے،محمود احمد ساغر


اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی سے مہاجرین کشمیر شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ان کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے ،حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر کو چاہیے کہ وہ مہاجرین کشمیر کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔

جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 1989سے مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کی آٹھ ہزار فیملیاں شدید مشکلات اور مسائل سے دوچارہیں۔ متاثرہ مہاجرین کی اب مہنگائی سے کی وجہ سے قوت خرید جواب دے چکی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم اور صحت بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔

محمود احمد ساغر نے کہا کہ یہ ایک کھلی اور عیاں حقیقت ہے کہ ان مہاجرین نے رواں جدوجہد آزادی کے لیے فقید المثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ محمود احمد ساغر نے واضح کیا کہ اس گھمبیر صورتحال کو اگرفوری طور پر ایڈریس نہ کیا گیا تو تحریک آزادی کشمیر پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونا یقینی ہے۔ محمود احمد ساغرنے حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیرسے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے۔