میرپور(صباح نیوز) چیف انجینئر برقیات ساؤتھ نواز عباسی نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر مظفرآباد اور میرپور میں ای بلنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اوور بلنگ بارے شکایات درست نہیں، پاکستان کی مشہور ائی ٹی کمپنی کو ای بلنگ کیلئے لیا ہے جو ہمارے سٹاف کو ٹریننگ بھی دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صباح نیوز سے اپنے افس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چیف انجینئر نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت برقیات صارفین کو اوور بلنگ سے بچانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔تجرباتی طور پر میرپور اور مظفرآباد میں ای بلنگ سسٹم لاگو کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ایک ہی ٹیرف لاگو ہے۔ آزاد کشمیر کے 8اضلاع کے بلات میں ای بلنگ والے صارفین کو جو فرق نظر ارہا ہے وہ آئندہ ماہ کے بل میں نان ای بلنگ اضلاع کے بلوں میں بقایا جات کے طور شامل ہوگا۔
چیف انجینئر برقیات نواز عباسی کا صباح نیوز کے سوال پر مزید کہنا تھا کہ میرپور میں لوڈ شیڈنگ کافی حد تک کم ہوگئی ہے اور مزید بہتری ارہی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بلات و بقایاجات کی بروقت ادائیگی کرکے محکمہ کے ہاتھ مضبوط بنائیں