آزاد کشمیر میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے آٹھ ہزار خاندان شدید مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں،سیدصلاح الدین


مظفر آباد(صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین  نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 1990سے مقیم مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے آٹھ ہزار خاندان شدید مشکلات اور مسائل سے دوچارہیں۔کمر توڑ مہنگائی سے مہاجرین کشمیر کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے ارباب اختیار اور ادارے فوری اقدامات اٹھائیں۔

ایک بیان  میں انہوں نے  کہا ہے کہ رہائش،روزگار،صحت اور تعلیم کے ہوشربا مسائل سے متاثرہ مہاجرین اب کمر توڑ  مہنگائی سے تڑپ اور ترس رہے ہیں۔ان کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔اولاد کی صحت اور تعلیم بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ جہاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ جب مہنگائی سے نمٹنے کیلئے ملازمین کی تنخواہ میں چند ایک بار اضافہ کیا گیا ہے تو بھارتی فوج کے مارے ان ستم رسیدہ مہاجرین کو کیوں دانستہ نظر انداز کیا گیا اور کیا جارہا ہے۔حالانکہ یہ ایک کھلی اور عیاں حقیقت ہے کہ ان مہاجرین نے رواں جدوجہد آزادی اورپاکستان کی سلامتی کیلئے فقید المثال قربانیاں پیش کی ہیں۔

سید صلاح الدین نے واضح کیا کہ اس گھمبیر صورتحال کو  اگرفوری طور پر ایڈریس نہ کیا گیا تو تحریک آزادی کشمیر پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونا یقینی ہے۔ جہاد کونسل کے سربراہ نے ارباب اختیار و اقتدار سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائیں۔