کراچی (صباح نیوز)اینکر پرسن اور سیاستدان عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لئے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔جوڈیشل میجسٹریٹ کراچی شرقی کی ہدایات کی روشنی میں سندھ پولیس سرجن نے عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے 6 ارکان پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی 23 جون کو ہوگی۔میڈیکل بورڈ کی سربراہی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کریں گی۔ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر شاہد نظام، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر پرویز مخدوم، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لیاری کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہری رام لوہانا، سول اسپتال کراچی کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر گلزار علی سولنگی اور جناح پوسٹ میڈیکل کالج کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر محمد اریب بکھائی بورڈ کے ارکان ہوں گے۔
عامر لیاقت حسین 9 جون کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے، ان کی تدفین 10 جون کو ہوئی تھی۔عامر لیاقت کی سابق اہلیہ بشری اقبال اور مرحوم کے بچوں نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرادیا تھا۔عدالتی حکم پر عامر لیاقت کے ظاہری طبی معائنے کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔
عامر لیاقت کی تدفین کے چند روز بعد عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عامر لیاقت کو جائیداد کے لیے ممکنہ طور پر قتل کیا گیا ہے۔ اس لئے ان کی موت کی وجوہات کے تعین کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے۔18 جون کو کراچی کی ماتحت عدالت نے عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کا حکم دیا تھا۔