لاہور (صباح نیوز)چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان بلائنڈ اور ڈیف ٹیموں کے لیے دس دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی زیر صدارت پی سی بی کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا۔ جس میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سربراہ سید سلطان شاہ اور پاکستان ڈیف کرکٹ کونسل کے سربراہ عرفان میراج سمیت دونوں کونسلز کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نیبھی غیرفعال رکن کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 20 کے تحت جنرل باڈی نے پی سی بی کی سالانہ رپورٹ اور اکاونٹس کی آڈٹ شدہ رپورٹس کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان بلائنڈ اور ڈیف ٹیموں کے لیے دس دس لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔اجلاس کے دوران جنرل باڈی کو پاکستان کرکٹ پر بھی اپڈیٹ فراہم کی گئی۔ جنرل باڈی کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں موجودہ رینکنگ پر بریفنگ دی گئی۔
شرکا کو پاکستان مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی رواں سال آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس سے بھی آگاہ کیا گیا۔واضح رہے کہ جنوری میں پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعد پہلی بار جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ آئین کی شق 24 (1) کے تحت اجلاس کے لیے ایک تہائی کورم مکمل ہونا ضروری تھا۔