الیکشن کمیشن نے بلدیاتی و ضمنی انتخابات میں فوج سے مدد طلب کرلی


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے صوبائی و قومی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے لیے فوج سے مدد طلب کرلی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیج دیا، جس میں سندھ کے بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات، این اے 245  کراچی کے ضمنی انتخابات، پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے مراسلے میں گزشتہ انتخابات کے دوران پاک فوج کے تعاون کی تعریف  کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام  انتخابات  سمیت ضمنی و بلدیاتی الیکشن میں انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا۔ حالیہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان بلدیاتی انتخابات  میں بھی پاک فوج نے سکیورٹی کی خدمات احسن طریقے سر انجام دیں۔انہوں نے مراسلے میں امید کا اظہار کیا کہ آئندہ انے والے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج بہترین طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے گی۔واضح رہے کہ کراچی اور لاہور کے ضمنی انتخابات میں بد امنی اور پر تشدد واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاک فوج کی خدمات طلب کی جا رہی ہیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ 26 جون، پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات  17 جولائی کو شیڈول ہیں۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور این اے 245 کراچی میں 27 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات اور قومی اسمبلی کی نشست 245 کراچی کے ضمنی انتخابات کیلئے وزیراعلی سندھ سے رینجرز و پاک فوج طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مراد علی شاہ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ این اے 240 کے حالیہ ضمنی انتخابات میں بد امنی ، فائرنگ اور بلیٹ باکس چھینے جیسے واقعات پر فوری ایکشن کی ہدایت دی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ میں مداخلت اور بدامنی کے ذمہ داروں کے خلاف مثالی ایکشن لیا جائے اور اس سلسلے میں اگر ضرورت پڑے تو سندھ رینجرز اور پاک آرمی کی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خدمات طلب کی جائیں۔

وزیراعلی سندھ کو لکھے گئے مراسلے میں آئندہ این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات میں فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر کا مراسلے میں کہنا ہے کہ سندھ میں ائندہ بلدیاتی انتخابات اور این اے 245 ضمنی انتخابات میں پر امن ماحول کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، صوبائی حکومت ہر حال میں بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخابات میں پر امن پولنگ کے انعقاد کو یقینی بنائے