اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہاؤسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے مستقبل میں آبادی کے حوالے سے ریاست کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جائے گا۔تمام شہروں کی پلاننگ کی جائے گی،بے ہنگم تعمیرات کی بجائے ڈیزائن کے مطابق خوبصورت ہاؤسنگ سوسائیٹیز قائم کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اسلام آباد میں سابق چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس پنجاب عاطف ایوب کی قیادت میں ملنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں صدر حاجی شاہد، جنرل سیکرٹری فیصل بٹ، اظہر ایڈووکیٹ،ملک رفاقت،عدنان شیخ،محمود رضا و دیگر افراد شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں جدید طرز پر ٹاؤن پلاننگ کی جائے گی۔دو سو سالہ منصوبہ بندی کے پیش نظر شہروں اور ٹانز کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر ٹان پلاننگ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو تعمیر و ترقی کا گہوارا بنانے کے لیئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے،عام انتخابات میں عوام سے کیئے گئے وعدوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، دارلحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام شہروں کے لیئے بہترین پلاننگ کی جا رہی ہے،انشا اللہ کشمیر کو ایسا بنائیں گے کہ دنیا دیکھے گی۔دریاؤں کے ساتھ واک وے اور انٹرنیشنل سطح کی فوڈ سٹریٹ بنائیں گے۔
آزاد کشمیر سیاحت کی دنیا میں مثال دی جائے گی۔نیلم ویلی،پو نچھ اورمظفرآباد کے بلند و بالا پہاڑ،میر پور،بھمبراورکوٹلی کے میدان سب کے سب قدرتی حسن کا بہترین شا ہکار ہیں۔آزاد کشمیر کے قدرتی حسن اور لینڈ سکیپ کو متاثر کیئے بغیر اسے سیاحت کی حقیقی جنت بنائیں گے۔کاٹیج انڈسٹری کے لیئے تحصیل اور ضلع کی سطح پر بھر پور پوٹینشل موجود ہے۔