اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے پیچھے مہنگائی کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا، سازش تھی یا مداخلت اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔موجودہ حکومت رجیم چینگ سازش کا حصہ بنی، ابھی تک کوئی تحقیقات میرے سامنے نہیں آئیں۔
سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو اس سازش میں ملوث ہیں وہ چاہتے ہیں خفیہ پیغام کو دبا دیا جائے، عدم اعتماد کے پیچھے مہنگائی کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ حکومت نہیں سنبھال سکتے تھے تو کیوں سازش کی؟ عوام اس وقت مہنگائی کے باعث غصے سے بھرے بیٹھے ہیں، روپے کی قدر میں کمی یا پیٹرول کی قیمت بڑھی تھی تو یہ مہنگائی مارچ لے کر پہنچ جاتے تھے، اب خود عوام پر مہنگائی کے بم پھینک رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ قاتل کو داخلہ کا قلمدان سونپ کر ملک کو انارکی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے،ضمیرفروشی اور لوٹا کریسی کی بنیادوں پر قائم امپورٹڈ سرکار تحریک انصاف کو میسر عوامی تائید سے خوفزدہ ہے،حقیقی آزادی کی تحریک ہی سے سندھ اور پنجاب غنڈہ راج سے نجات پائیں گے۔ اتوار کے روز تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور رکنِ صوبائی اسمبلی شبیر قریشی کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں،
چیئرمین عمران خان نے سندھ میں پولیس گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے لاہور سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما خالد گجر کو ٹیلی فون بھی کیا، فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے بیٹے کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں فسطائی حکومتیں غنڈہ گردی کو فروغ دے رہی ہیں، کسی مہذب جمہوری ملک میں پولیس کے ذریعے اس قسم کی کارروائیوں کی قطعا گنجائش نہیں ہوتی قاتل کو داخلہ کا قلمدان سونپ کر ملک کو عملا انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ضمیرفروشی اور لوٹا کریسی کی بنیادوں پر قائم امپورٹڈ سرکار تحریک انصاف کو عوام میں مقبولیت سے خوفزدہ ہے، اس فسطائی کلچر سے نجات کیلئے حقیقی آزادی کی تحریک کی کامیابی اہم ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی تحریک ہی سے سندھ اور پنجاب غنڈہ راج سے نجات پائیں گے۔