سری نگر(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو بھارتی مظالم سے دبایا نہیںجا سکتا۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارت کو خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی دکھانی چاہیے۔ادھرجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور ڈاکٹر مصعب سمیت حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کوان کی 28ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے دوران حریت رہنماؤں ، علمائے دین، ماہرین تعلیم اور نوجوانوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ڈاکٹر قاضی نثار کو نامعلوم مسلح افراد نے 1994میں آج ہی کے دن شہید کیا تھا۔