جموں و کشمیرمیں اسمبلی انتخابات رواں سال کے آخرتک منعقد ہوسکتے ہیں،راج ناتھ سنگھ


سری نگر: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیرمیں اسمبلی انتخابات رواں سال کے آخرتک منعقد ہوسکتے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیرمیں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیاگیا ہے جس کے بعد اسمبلی کی نشستوں کی کل تعداد 90ہوگئی ہے ، جن میں جموں ڈویژن کی43 اور وادی کشمیر کی47نشستیں ہیں۔

بھارتی وزیر دفاع نے جو مقبوضہ کشمیر کے 2 روزہ دورے پر ہیں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات اس سال کے آخرتک منعقد کرائے جاسکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے قبل  جموں وکشمیر میں بھارتی قوانین نافذ نہیں ہو سکتے تھے حکومت نے 370 کی منسوخی کے بعد ہندی ڈوگری کشمیری زبان کو جموں و کشمیر کی سرکاری زبان  بنایا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر میں پینچایت راج کو نافذ کیا ہے تاکہ جموں و کشمیر میں زمینی سطح پر جمہوریت بحال ہو۔  دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد صرف دو سالوں میں 38 ہراز کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔