اسلام آباد(صباح نیوز)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کردی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)کے مطابق سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی جو مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائرکی گئی ۔
نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 جون کو ہوگی جبکہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مئی میں فرنس آئل سے 8.80 فیصد بجلی پیدا کی گئی اور فرنس آئل سے 33 روپے 67 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔
درخواست میں کہا گیاکہ مقامی گیس سے 10 فیصد، درآمدی ایل این جی سے22.89 فیصد اور پانی سے 24.50 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔مئی کے لیے ریفرنس لاگت 5 روپے93 پیسے فی یونٹ مقررتھی مگر سی پی پی اے کی جانب سے درخواست7 روپے 96 پیسے فی یونٹ کی دی گئی۔