کراچی(صبا ح نیوز)جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )کراچی کی ناظمہ اسماء سفیرکی زیر قیادت ادارہ نورحق میں کراچی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ٔ خیال کیا گیا ۔
اسماء سفیر نے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں خواتین ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے،خواتین کارکنان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھرپور مہم چلائیں ، ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر خواتین سے گھر گھر جاکر رابطہ کریں ،
خواتین رابطہ عوام مہم کے لیے سوشل میڈیا کا بھرپور اور مؤثر استعمال کریں ، واٹس ایپ گروپس، ٹویٹراور فیس بک سمیت جتنے بھی ٹولز ہیں ان کے ذریعے حلقہ احباب اور رشتہ داروں سے رابطے میں رہیں ۔کراچی کی خواتین بھی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا میئر منتخب کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔