سری نگر: بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فوجی آپریشن میں گزشتہ24 گھنٹوں میں 4کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ہیں۔
بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے گزشتہ روزجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے مشی پورہ علاقے کو محاصرے میں لیا تھا اس دوران زبیر صوفی ساکن موہن پورہ کولگام سمیت دو نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا ۔
بھارتی فوج نے اسلام آباد کے کوکر ناگ قصبے سے 3کلو میٹر دوردینوٹھ ہانگل گنڈ گاؤں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں دو نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ ان کی شناخت جنید اور باسط بٹ کے نام سے ہوئی ہے ۔ضلع کولگام اوراسلام آباد میں بھارتی فوجی آپریشن آج بھی جاری رہا۔
اس دوران اضلاع کے داخلی اور خارجی راستے بند اور موصلاتی نظام معطل کر دیا گیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع سے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
آئی جی پی کشمیر نے ایک ٹویٹ میں دعوی کیا ہے کہ گاوں آرمولہ لتر میں نصب کی گئی 15 کلو گرام آئی ای ڈی برآمد کر کے ناکارہ بنائی گئی ہے۔ اس واقعے میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔