مظفر آباد(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے حریت کارکن عبدالحمید المعروف لیاقت حسین کو مظفر آباد میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز ان کامظفر آباد میں انتقال ہو گیا تھا۔عبدالحمید نے1994میں مقبوضہ جموں وکشمیر سے آزاد جموں وکشمیر کی طرف ہجرت کی تھی ۔ عبدالحمید نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کے لئے وقف کردی تھی ۔وہ گزشتہ ایک سال سے انتہائی علیل تھے اور مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج رہے ۔ انہوں نے ایک بیوہ ، ایک بیٹے اورایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا۔
حزب المجاہدین کے نائب امیر سیف اللہ خالد نے عبدالحمید المعروف لیاقت حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبد الحمید مہاجرت کی صبر آزما زندگی گذار کر،اپنے رب سے جاملے۔مرحوم بہت ہی ملنسار،جفاکیش اور تحریک آزادی کشمیر کے سچے عاشق تھے۔کشمیر کی آزادی کے خواب کی تعبیر نہ دیکھ سکے لیکن بزبان حال یہ پیغام دے گئے کہ رات طویل ہی سہی، تاہم سورج کو طلوع ہونے سے کوئی نہ روک سکا اور نہ روک سکے گا۔
سیف اللہ خالد نے لنگر پور مظفر آباد میں ان کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حزب المجاہدین کے نائب امیر نے مرحوم عبد الحمید کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص وفا شعار اور پر وقار ساتھی تھے جس نے اپنے وطن کی آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلئے باطل قوتوں کے سامنے سرینڈر کرنے کے بجائے مہاجرت کی صبر آزما زندگی کو ہی ترجیح دی۔
ان کی جدائی سے کافی تکلیف پہنچی ہے لیکن ان کی اس تحریک کے تئیں وفاداری یہ امید بھی دلاتی ہے کہ وہ شہادت کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور تاریخ گواہ ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔