کراچی(صباح نیوز) تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو ملک کی نظریاتی حدود سے مخلص اور نوجوان نسل کی نفسیاتی ضروریات سے آگاہ ہونا چاہیے۔کسی بھی سطح پر تعلیم سے منسلک اداروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان نسل کی نظریاتی مضبوطی کے حوالے سے جدید انداز تربیت سے استفادہ کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے شعبہ تعلیم جماعت اسلامی پاکستان کے دو روزہ اجلاس سے اختتامی خطاب کے دوران کیا۔ڈائریکٹر شعبہ تعلیم عائشہ یاسمین نے کہا کہ شعبہ تعلیم حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت ادارہ جات کے ذریعے خواتین کی زیر نگرانی پاکستان بھر میں ایک بڑا اور منظم نیٹ ورک کام کررہا ہے۔ 355 تعلیمی یونٹس کے ذریعے 30000 سے زائد طلبہ وطالبات علم کی روشنی حاصل کررہے ہیں جہاں نہ صرف تعلیم بلکہ تربیت کردار کا بھی منظم نظام ہے۔
کراچی میں شعبہ تعلیم حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے دو روزہ مرکزی اجلاس میں ڈپٹی سکریٹریزحلقہ خواتین آمنہ عثمان،،ثمینہ سعید،عطیہ نثار،سیکریٹری تسنیم معظم کے علاوہ شعبہ تعلیم کے ادارہ جات کی نگرانات اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔اجلاس میں نگران ادارہ جات نے اداروں کے کارکردگی، پیش رفت،swot analysisاورمسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔
اجلاس میں ناظمہ کراچی اسما سفیر،نگراں الخدمت منور اخلاص اور ماہر تعلیم صفورہ نعیم نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ناموسِ ﷺ، اسکولوں میں موسیقی کی تعلیم اور بجٹ میں فلم انڈسٹری کے لئے مختص بجٹ کے حوالے سے قرار دادیں بھی منظور کی گئیں