مظفرآباد(صباح نیوز)بجٹ کٹ اور مالی بحران کا رونا رونے والی حکومت آزادکشمیر نے صدر آزادکشمیر اور چار سابق وزرائے اعظم سمیت ہائی کورٹ کے لیے 13کروڑ 19لاکھ 8ہزار روپے کی نئی گاڑیاں منگوانے کی منظوری دیدی۔محکمہ مالیات نے رضا مندی ظاہر کردی۔چار الگ الگ سرکاری نوٹیفکیشنز کے مطابق صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے لیے برینڈ نیو S 500 4MATAIC Sedan ماڈل 2022 مرسڈیز کار،دس کروڑ 25لاکھ 21ہزار روپے چار سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان،راجہ فاروق حیدر خان،چوہدری عبدالمجید اور عبدالقیوم نیازی کے لئے 1.8گرینڈی کرولا کاریں 2کروڑ 34لاکھ 7ہزار روپے جبکہ پیٹرول کی مد میں سابق وزرائے اعظم کے لیے 1لاکھ 80ہزار روپے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی کورٹ کے لیے 91لاکھ روپے کی گاڑیاں منگوانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔
یادر ہے کہ حکومت آزادکشمیر نے جون سے قبل ہی آزادکشمیر حکومت کے مالی بحران اور ملازمین کو تنخواہیں نہ دے سکنے اور ترقیاتی منصوبوں کی بندش کے خدشات کے حوالے سے پے در پے چار پریس کانفرنسز کی ہیں۔اس کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التواء بھی پیش کی گئی اور حکومت پاکستان سے سخت احتجاج کیا گیا کہ آزادکشمیر کے بجٹ پر کٹوتی لگاکر آزاد حکومت کو مکمل طورپر مفلوج کردیا گیا ہے۔دوسری جانب آزادکشمیر حکومت کی حقیقت یہاں کھل کر عیاں ہوئی ہے کہ مالی بحران صرف عوام اور ملازمین،ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایاجارہا ہے جبکہ حکومت کی اپنی عیاشیوں کا یہ عالم ہے کہ 13کروڑ 21لاکھ 48ہزار روپے کی نئی گاڑیاں منگوائی جارہی ہیں جبکہ سپیکر آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ ان کے لیے بھی ایک V8پراڈو گاڑی بیرون ملک سے 10کروڑ روپے مالیت کی منگوائی جارہی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
تعجب کی بات ہے کہ ذاتی مفاد کی اس بہتی گنگا میں اپوزیشن کے بڑے بھی نہا رہے ہیں تمام سابق وزرائے اعظم کے پاس سرکاری گاڑیاں اپ ماڈل اور اچھی کنڈیشن میں موجود ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزادحکومت اپنی شاہ خرچیاں بند کرے، آزادکشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کی نمایندہ اور انقلابی حکومت کہلاتی ہے اس کو اس طرح کی عیاشیوں سے پرہیز کرنا چاہیے ،یاد رہے کہ صدر آزادکشمیر کے پاس پہلے سے 6گاڑیاں موجود ہیں جبکہ ان کے ذاتی استعمال کے لیے مرسڈیز بینز کار گزشتہ دور میں خریدی گئی تھی جو ابھی بھی بالکل نئی ہے اس کے علاوہ سابق وزرائے اعظم کو بھی حکومت آزادکشمیر نے نئی کاریں فراہم کی تھیں۔راجہ فاروق حیدر کو اقتدار سے الگ ہوئے ابھی ایک سال مکمل نہیں ہوا جن کو زیرو میٹر گاڑی دی گئی تھی اب ان کے لیے بھی نئی گاڑی منگوائی جارہی ہے۔