وزیر اعظم آزاد کشمیر سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے چینی وفد کو سرمایہ کاری کے حوالہ سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ حکو مت آزاد کشمیر سرمایہ کاروں کی مکمل معاونت کریگی، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں چینی سرمایہ کار ان سے فائدہ اٹھائیں۔ آزاد کشمیر میں سیاحت اور ہائیڈل کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔ حکومت آزاد کشمیر سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن سے مالا ہے، سرمایہ کار یہاں آئیں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت ریاست کی آمدن بڑھانے کے لیے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پلان کے تحت کام کریگی، نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کر کے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی جس سے مقامی سطح پر روزگار میسر آئے گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہائیڈل کے شعبہ میں چائینز کمپنیاں پہلے بھی خدمات دے چکی، چائینز سرمایہ کار یہاں آئیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔