راولپنڈی’ گیس لیکیج کے باعث گھر میں آتشزدگی، والدہ دو بچوں سمیت جاں بحق


راولپنڈی(صباح نیوز) راولپنڈی کے علاقے مظہر آباد میں گھر کے اندرگیس لیکیج کے باعث آتشزدگی سے والدہ دو معصوم بچوں سمیت جھلس کر دم جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو 1122کے مطابق ریلوے ورکشاپ روڈ مظہر آباد کے علاقے میں 28سالہ مسماتہ نادیہ فیضان، اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے حسن رضا اور تین سالہ بیٹے احمد رضا کے ساتھ کمرے میں سو رہی تھی کہ ضرورت کے لیے اٹھنے پر کمرے کی لائٹ جلانے کے لیے سوئچ آن کیا تو گیس لیکیج کے باعث بھر جانے والی گیس سے آگ بھڑک اٹھی ۔

آگ اس قدر شدید تھی ماں کو دونوں بچوں کو وہاں سے نکالنے کا موقع ہی نہ ملا اورتینوں جھلس کر دم توڑ گئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز و پیرا میڈیکس سٹاف موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پاکر جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ بی کیٹگری کی تھی جس پردس منٹ میں قابو پالیا گیا اور سات منٹ تک کولنگ کا عمل جاری رہا۔آتشزدگی سے ایک لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور تقریبا ایک کروڑ روپے کا نقصان بچا لیاگیا۔ فائر فائٹنگ و ریسکیو آپریشن میں مجموعی طور پر دس گاڑیوں و سٹاف نے حصہ لیا۔